جرمن چانسلر او لاف شولز اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام ہوگئے۔
پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکامی کے بعد جرمنی میں مخلوط حکومت ختم ہو گئی ہے۔
شولز نے مخلوط حکومتی اتحاد کے ٹوٹ جانے کے بعد وفاقی پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن شولز پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
جرمن چانسلر کو 733 نشستوں والے ایوان زیریں میں 207 قانون سازوں کی حمایت ملی جبکہ 394 ارکان نے ان کے خلاف ووٹ دیا اور 116 غیرحاضر رہے، اس طرح وہ جیتنے کے لیے درکار 367 کی اکثریت سے بہت پیچھے رہ گئے۔
شولز کی ناکامی کے بعد جرمنی میں مخلوط حکومت ختم ہو گئی جبکہ انتخابات آئینی مدت سے 7 ماہ قبل 23 فروری 2025 کو ہونگے۔
واضح رہے کہ حکومتی اتحاد جو تین سیاسی جماعتوں پر مشتمل تھا اس وقت ہل گیا جب شولز نے نومبر میں وزیر خزانہ کرسچن لِنڈنر کو برطرف کر دیا تھا، لنڈنر کے کاروبار کے حامی فری ڈیموکریٹس نے پھر اتحادی حکومت چھوڑ دی اور شولز کی پارلیمنٹ میں اکثریت چھین لی تھی۔