جنوبی افریقا نے غزہ پر حملوں کے تناظر میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے حوالے سے نسل کشی کنونشن کے تحت عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرلیا۔
جنوبی افریقا نے اسرائیل کیخلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں دائر درخواست میں کہا ہے کہ اسرائیل نسل کشی کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے 29 دسمبر 2023 کو دی ہیگ میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں ایک درخواست دائر کی گئی جس میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فوری بنیادوں پر یہ اعلان کرے کہ اسرائیل نسل کشی کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ان ذمہ داریوں کی خلاف ورزی روکتے ہوئے تمام کارروائیاں فوری طور پر بند کرے اور متعدد متعلقہ اقدامات کرے۔
ساؤتھ افریقا کا موقف ہے کہ بین الاقوامی جرائم، جیسے انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کے ارتکاب کی مسلسل اطلاعات ہیں اور ساتھ ہی ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ نسل کشی کی روک تھام اور سزا سے متعلق 1948 کے کنونشن میں بیان کردہ نسل کشی کی حد کو پامال کرنے والے اقدامات یا اس سے متعلق جرائم، غزہ میں جاری قتل عام کے دوران کیے گئے ہیں اور ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے بارہا کہا ہے کہ وہ اسرائیلیوں سمیت تمام شہریوں کے خلاف تشدد اور حملوں کی مذمت کرتا ہے۔