جنوبی افریقہ میں منکی پاکس سے پہلی بار اموات سامنے آگئیں۔
جنوبی افریقہ کے وزیر صحت نے منکی پاکس سے پہلی دو اموات رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ یہ اموات 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مئی سے اب تک منکی پاکس کے 5 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ منکی پاکس وائرس میں مبتلا افراد کی عمریں 30 سے 39 کے درمیان ہے جب کہ متاثرین کا بیرون ملک میں سفر کرنے کا کوئی ریکارڈ بھی نہیں ہے۔
وزیر صحت نے یہ خیال ظاہر کیا ہےکہ یہ وائرس مقامی سطح پر پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے لوگ اس بیماری میں مبتلا ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ منکی پاکس کی ابتدائی علامات میں بخار، سردرد، سوجن، کمر اورپٹھوں میں درد شامل ہیں جب کہ منکی پاکس قریبی رابطے کے ذریعے ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہوسکتا ہے۔