راولپنڈی پولیس نے سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتاری ڈال دی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز نے 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات کی سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، ساتھ ہی تمام 12 مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے عمران خان کو طلب کیا تھا، تاہم، جیل حکام نے انہیں پیش کرنے سے معذرت کرلی جس کے بعد ان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی یقینی بنائی گئی۔
دوران سماعت ایس ایچ او تھانہ آر اے بازار نے عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
تھانہ آر اے بازار پولیس نے عدالت کو سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا۔
عدالت نے کہا کہ 9 مئی سے متعلق جتنے بھی مقدمات میں عمران خان نامزد ہیں ان کی تفتیش اڈیالہ جیل میں ہی کی جائے گی۔