وائٹ ہاؤس نے امریکی مداخلت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو ہٹانے میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں ہے۔
پریس میں بریفنگ میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرائن جین پیئر نے کہا کہ ’ہمارا کوئی دخل نہیں ہے۔ کوئی بھی ایسی اطلاعات یا افواہیں کہ ان واقعات میں امریکہ کی حکومت ملوث تھی سراسر غلط ہیں۔‘
وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بنگلہ دیشی عوام کو بنگلہ دیشی حکومت کے مستقبل کا تعین کرنا چاہیے اور ہم اسی جگہ کھڑے ہیں۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز اکنامک ٹائمز انڈیا کی ایک رپورٹ میں حسینہ واجد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ امریکہ نے انہیں بے دخل کرنے میں کردار ادا کیا کیونکہ وہ خلیج بنگال میں واقع بنگلہ دیش کے سینٹ مارٹن جزیرے پر اپنا کنٹرول چاہتا ہے۔
اخبار نے دعوی کیا کہ حسینہ واجد نے یہ پیغام اپنے قریبی ساتھیوں کے ذریعے اخبار تک پہنچایا تھا۔