اسرائیل کے وزیرِ خارجہ اسرائیل کاٹز نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو غزہ میں اسرائیلی کی کارروائی کے دوران حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار مارے گئے ہیں۔
وزیرِ خارجہ اسرائیل کاٹز نے سنوار کی ہلاکت کو “اسرائیلی فوج کے لیے فوجی اور اخلاقی کامیابی” قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ “سنوار کا قتل” یرغمالوں کی فوری طور پر رہائی اور ایسی تبدیلی کا امکان پیدا کرے گا جو غزہ کو ایک نئی حقیقت کی طرف لے جائے گا جو حماس اور ایرانی کنٹرول کے بغیر ہو۔
اسرائیل فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ایک آپریشن کے دوران تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔
عسکریت پسندوں کی لاشوں سے پیسے، شناختی دستاویزات اور لڑنے کا سامان ملا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق جن فورسز کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا وہ اس علاقے میں قتل کے آپریشن کے لیے نہیں تھیں اور نہ ہی سنوار کی وہاں موجودگی کی پیشگی اطلاع تھی۔
حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے یحییٰ سنوار کو کسی عوامی مقام پر نہیں دیکھا گیا۔
فلسطینی عسکری تنظیم حماس کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔