حماس نے 13 اسرائیلی اسیران اور چار دیگر غیر ملکیوں کا ایک نیا گروپ ریڈکراس کے حوالے کردیا ہے۔
مصر کے حکام نے تصدیق کی تھی کہ انہیں آج (اتوار کو) رہائی کے لیے 13 اسرائیلیوں اور 39 فلسطینیوں کی فہرست موصول ہوئی ہے۔
مصر کی اسٹیٹ انفارمیشن سروس (SIS) کے سربراہ دیا راشوان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ چار روزہ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت رہا کیے جانے والوں کی تیسری کھیپ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کو 120 امدادی ٹرک مصر سے غزہ تک پہنچے جن میں دو ایندھن کے ٹرک اور دو کھانا پکانے کے لیے گیس بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ جنگ بندی کے دوسرے روز اسرائیل نے جنگ بندی معاہدہ کی شرائط کی خلاف ورزی کی، جس کے ردعمل میں حماس نے یرغمالیوں کی رہائی کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔
تاہم، ہفتہ کو قطر اور مصر نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل کے حوالے سے حماس اور اسرائیل سے مذاکرات کئے اور رکاوٹوں کو دور کیا گیا۔
رات گئے حماس نے 13 اسرائیلی اور چار غیر ملکیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔
ان چار یرغمالیوں کا تعلق تھائی لینڈ سے ہے، جبکہ اسرائیلیوں میں چھ خواتین اور سات بچے شامل تھے۔
بدلے میں اسرائیل نے عوفر جیل سے 39 فلسطینی قیدی رہا کیے۔ رہا ہونے والے فلسطینیوں میں 38 سال کی اسراء جعابیص بھی شامل ہیں۔ انہیں 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا اور 11 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
جنگ بندی کے پہلے دن حماس نے 13 اسرائیلی رہا کئے اور بدلے میں اسرائیل نے 39 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کر دیا۔