یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے پیر کو کہا کہ غزہ میں فلسطینی گروپ حماس کوختم کرنے کا اسرائیلی منصوبہ کام نہیں کر رہا اور یورپی یونین کو اسرائیلی مخالفت کے باوجود “دو ریاستی حل” کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانا چاہیے۔
یہ بات بوریل نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی، اجلاس میں سعودی عرب، مصر اور اردن کے ہم منصبوں اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے بھی شرکت کی۔
بوریل نے کہا کہ وہ بین الاقوامی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں تاکہ ایک ایسا عمل تشکیل دیا جائے جس سے اسرائیل کے ساتھ ساتھ ایک فلسطینی ریاست قائم ہو۔ اس مقصد کے لیے آخری بات چیت ایک دہائی قبل باہمی بداعتمادی اور انتشار کی وجہ سے مکمل نہیں ہو پائی تھی۔
برسلز اجلاس سے قبل، یورپی یونین کی سفارتی سروس نے اپنے 27 رکن ممالک کو ایک ڈیبیٹ پیپر بھیجا، جس میں اسرائیل فلسطین وسیع تر تنازعے میں امن کے لیے ایک روڈ میپ تجویز کیا گیا تھا۔
یورپی یونین کے حکام تسلیم کرتے ہیں کہ اسرائیلی حکام اور سفارت کار اس وقت نام نہاد دو ریاستی حل میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے لیکن اصرار کرتے ہیں کہ طویل مدتی امن کے لیے یہی واحد آپشن ہے۔