حوثیوں کا بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس آئزن ہاور پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے گزشتہ روز یمن پر فضائی حملوں کے جواب میں آج امریکی طیارہ بردار جہاز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حوثی میزائل فورس اور بحری قوت نے ایک مشترکہ فوجی آپریشن میں بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز آئزن ہاور کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائی متعدد پروں والے میزائلوں اور بیلسٹک میزائلوں سے انجام دی گئی ہے۔
حوثیوں نے 16 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے امریکی اور برطانوی حملوں کے جواب میں میری ٹائم نیویگیشن پر حملے تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ایک امریکی عہدیدار نے ’’العربیہ‘‘ سے بات کرتے ہوئے حوثی عہدیدار کے بیانات کی تردید کردی اور کہا کہ ایزن ہاور طیارہ بردار بحری جہاز کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ امریکی اور برطانوی افواج نے یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 13 اہداف کو نشانہ بنایا۔
برطانوی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ مشترکہ آپریشن میں حدیدہ شہر میں تین مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں ڈرونز اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل موجود تھے۔
حوثیوں کے مطابق امریکی اور برطانوی لڑاکا طیاروں نے مغربی یمن پر رات کے وقت حملے کیے۔ ان حملوں میں 16 افراد جاں بحق اور 30 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔