امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حوثیوں کے آئندہ کسی بھی حملے کا ذمہ دار ایران ہوگا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ آج کے بعد سے حوثیوں کی جانب سے چلائی گئی ایک گولی کے بارے میں بھی یہ سمجھا جائے گا کہ یہ ایرانی ہتھیاروں اور ایرانی قیادت کی جانب سے چلائی گئی ہے
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور اسے اس کے نتائج بھی بھگتنے ہوں گے اور یہ نتائج سنگین ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کسی کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، حوثی ایران کی پیداوار ہیں اور اب انھیں ہم ختم کردیں گے۔
امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ ایران ہی حوثیوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے اور تمام عسکری کارروائیوں میں معاونت کرتا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ کو بڑھاوا دے رہا ہے اور متاثرین کو ڈھال بناکر مظلومیت کا رونا بھی روتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی نے یمن میں حوثیوں پر فضائی حملے کیے جس میں 50 سے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب یمن پر امریکی حملوں کے بعد حوثی رہنما عبدالملک الحوثی کی ملین مارچ کی کال پریمن کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔