سابق وزیرِ اعظم اور تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے اور ہائی کورٹ کے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
اڈیالہ جیل میں بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آٹھ فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا جسے کور کرنے کے لیے حکومت کو اپنے ججز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا ہے یہ کیا کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے سارا ملک داؤ پر لگا ہوا ہے اور یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے کہ ان پر آرٹیکل سِکس لگے گا اسی لیے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے جب کہ چیف جسٹس بھی الیکشن فراڈ کا معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس بجھوا دیتے ہیں۔
سباق وزیر اعظم نے کہا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تعریف چیف جسٹس کرتا ہے۔ تھرڈ امپائر سب کنٹرول کر رہا ہے۔ وہ ان کی ٹیم کا کپتان ہے۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ فراڈ سامنے نہ آجائے اور پی ٹی آئی اوپر نہ آجائے۔
ایک مرتبہ بھی قاضی فائز عیسی نے یہ نہیں کہا کہ ہماری خواتین اور کارکنان جو جیلوں میں ہیں ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، نو مئی واقعات میں انہوں نے آگ لگائی، جواب دیں سی سی ٹی وی فٹیجز کہاں گئیں
یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ آئے، ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا۔ گرمیوں کا جلسہ بھی کیا کبھی چھ بجے ختم ہوتا ہے ساری قوم کو پتہ ہے کیا ہو رہا ہے