وفاقی وزیر برائے تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ طے پاگیا ہے، جی سی سی نے 14 سال بعد پاکستان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
وفاقی وزراء گوہر اعجاز، سرفراز بگٹی اور محمد علی نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ معاہدے کیلئےسعودی عرب نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں قانون کے مطابق بہترئی لائی گئی ہے، ہمارے اوورسیز پاکستانیوں کا پیسہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے استعمال ہوتا رہا، اوورسیز پاکستانیوں کا بھیجا گیا پیسہ غیرقانونی طریقے سے باہر منتقل ہورہا تھا، حکومتی اقدامات سے اب ڈالر کی غیرقانونی منتقلی رُک گئی ہے۔
وزیرتوانائی محمد علی کا کہنا تھا کہ سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، رواں سال دسمبر تک گیس کی کمی کا مسئلہ بہت حد تک حل ہوجائے گا۔