پیرس کی میئر این ہیڈالگو نے شہر کے وسط میں بہنے والے دریائے سین میں ڈبکی لگا کر اولمپکس 2024 کے لیے دریا کے پانی کے صاف ستھرا ہونے کا اعلان کیا۔
سمر اولمپکس مقابلوں سے مہینوں قبل دریائے سین کو صاف کرنے سے متعلق میئر نےاپنا وعدہ پورا کیا ہے
میئر نے دریا میں تیراکی کرکے دکھایا کہ دریا کا پانی اتنا صاف ہے کہ 2024 کے اولمپکس کے دوران کھلی تیراکی کے مقابلوں کی میزبانی کر سکتا ہے۔ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں نو دن باقی ہیں۔
تیراکی کے سوٹ میں ملبوس میئر کا دریا میں اترنے میں پیرس 2024 کے سربراہ ٹونی ایسٹانگویٹ اور پیرس کے علاقے کے اعلیٰ سرکاری اہلکار مارک گیلوم نے ساتھ دیا۔
اس موقع پر سٹی میئر نے کہا کہ دریا کا پانی بہت اچھا ہے ، تھوڑا ٹھنڈا ہے لیکن بہتر ہے۔
’ہمارا یہ عمل سمر اولمپکس گیمز سے پہلے دریا کی بہتر صفائی ظاہر کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔‘
سمر اولمپکس کا شاندار آغاز 26 جولائی کو ایک اوپن ایئر تقریب کے ساتھ ہوگا جس میں دریائے سین میں کشتیوں پر کھلاڑیوں کی پریڈ بھی شامل ہے۔
میئر نے بتایا ہے کہ جون کے اوائل سے دریائے سین کے پانی کے معیار کو یومیہ بنیادوں پر ٹیسٹ کیا جارہا ہے، پانی کی صفائی میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔
پیرس شہر کے منتظمین نے دریائے سین کو اولمپکس کے لیے یقینی طور پر شفاف بنانے کے لیے ڈیڑھ بلین ڈالر کے اخراجات کا تخمیہ لگایا ہے۔