پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے۔
دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت شان مسعود کے سپرد کی گئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے بتایا کہ سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر نے بتایا کہ 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان شان مسعود، بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، حسن علی، فہیم اشرف، ابرار احمد، شاہین آفریدی، عامر جمال، خرم شہزاد، سعود شکیل، سرفراز احمد، میر حمزہ ، محمد رضوان ، وسیم جونیئر ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے، ہم نے حارث رؤف کو ہر ممکن سہولیات دینے کی کوشش کی اور دورے کے لیے حارث رؤف سے بات ہوئی تھی لیکن حارث نے خود دورے پر جانے سے انکار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نسیم شاہ اگلے 3 ہفتوں میں بولنگ شروع کرے گا اور محمد حسنین نے ورزش شروع کی ہے ایک سے 2 ہفتوں میں وہ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔
وہاب ریاض نے یہ بھی کہا کہ شاہنواز دہانی، شاداب خان، اسامہ میر، عثمان قادر اور محمد نواز کیمپ کوجوائن کریں گے۔