پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں چار صفر کی سبقت حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 159رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے ابتدائی 3 کھلاڑی صرف 20 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے۔
نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 رنز پر فن ایلن کی صورت کی گری جب کیوی اوپننگ بیٹر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد ٹم سیفرٹ کو شاہین شاہ آفریدی نے صفر پر کیچ آؤٹ کیا، شاہین نے صرف 4 رنز پر ول ینگ کو بھی پویلین بھیج دیا۔
پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 158 رنز بنا ئے تھے
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعے پر 19 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، 88 رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 126 کے مجموعی اسکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان 63 گیندوں پر 90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔