فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتین یاہو پر واضح کر دیا ہے کہ رفح سے فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی جنگی جرم تصور ہو گا۔
فرانسیسی صدر نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کی 800 ہیکٹر زمین پر قبضے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔
اسرائیلی قبضے کو 1993 کے اوسلو معاہدے کے بعد غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کے لیے صیہونی فورسز کا سب سے بڑا قبضہ قرار دیا جا رہا ہے۔
فراسیسی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا کہ فوری طور پر غزہ کے لیے تمام کراسنگ پوائنٹ کھولے جائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فرانس کے وزیر خارجہ اسٹیفن سیجورن نے اپنے بیان میں کہا تھا یہودی آبادکاروں کے فلسطینوں پر حملے فوری رکنے چاہئیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ اور دیگر علاقوں میں جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 32 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک اور 75 ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔