سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کے جنوب میں رفح پر کسی بھی اسرائیلی حملے کے ’تباہ کن نتائج‘ کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55 ویں اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’ان حالات میں ہم رفح پر حملے کے تباہ کن نتائج کے بارے میں متنبہ کرتے ہیں جو عام شہریوں کے لیے آخری پناہ گاہ ہے جو اسرائیلی فوج کی وجہ سے نقل مکانی کرنے کے بعد وہاں موجود ہیں۔‘
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تباہ حال غزہ کی پٹی کے بحران کے حوالے سے بعض ممالک کی جانب سے اپنائے گئے دوہرے معیار کی مذمت کی۔
انہوں نے فوری فائر بندی کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا: ’ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشیدگی اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کرے تاکہ واضح اور جائز امن عمل کی راہ ہموار ہو جس میں تمام فریق شامل ہوں۔‘