بالی ووڈ اسٹار رنویر سنگھ کے مومی مجسمے لندن اور سنگاپور کے شہرہ آفاق مادام تساؤ میوزیم کی زینت بن گئے۔
بھارتی اداکار نے انسٹاگرام پوسٹ پر دونوں مجسموں کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس خبر سے مداحوں کو آگاہ کیا اور انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔
رنویر سنگھ نے لکھا کہ مادام تساؤ میوزیم کی جاذبیت ہمیشہ میرے ساتھ رہی، اور اب میرا مجسمہ بھی اس میوزیم کا حصہ ہے۔ دنیا کی مشہور شخصیات کے ساتھ اس جگہ پر ہونا میرے لئے کسی خواب سے کم نہیں۔
View this post on Instagram
انھوں نے میوزیم کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے کبھی نہ بھولنے والا لمحہ ہے اور فلمی زندگی کے سبب مجھے یہ شاندار لمحہ نصیب ہوا ہے۔
رنویر نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ جب میں بڑا ہورہا تھا تو اپنے والدین کی تصویروں میں انہیں مشہور شخصیات کے مومی مجسموں کے ساتھ دیکھتا تھا، بعد میں معلوم ہوا کہ یہ مومی مجسمے لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں ہیں۔