مائیکرو سوفٹ نے بدھ کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ روس، چین اور ایران کے ہیکرز مائیکروسافٹ سے منسلک مصنوعی ذہانت کے سافٹ ویئر اوپن اے آئی کو اپنی مہارتوں اور اہلیت میں اضافے اور اپنے اہداف کو دھوکہ دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
مائیکروسافٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس نے ہیکرز کے ایسے گروپوں کا سراغ لگایا ہے جو روس کی فوجی انٹیلی جینس، ایران کے پاسداران انقلاب، چینی اور شمالی کوریا کی حکومتوں سے وابستہ ہیں۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی مصنوعات کا استعمال کرنے والے ریاستی حمایت یافتہ ہیکنگ گروپس پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔
مائیکروسافٹ کے نائب صدر برائے کسٹمر سیکیورٹی ٹام برٹ نے کہا کہ اس چیز سے قطع نظر کہ آیا کوئی قانون کی خلاف ورزی ہے یا سروسز کی شرائط کی خلاف ورزی ہے، ہم ان کرداروں کو ٹیکنالوجی تک رسائی دینا نہیں چاہتے، جن کی ہم نے شناخت کی ہے۔
