امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے تکنیکی مذاکرات پیر سے سعودی عرب میں شروع گے۔
اسٹیو وٹکوف نے پیشنگوئی کی کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی معاہدہ چند ہفتوں میں ہوسکتا ہے۔
اسٹیو وٹکوف نے بتایا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ پیر کو ٹیکنیکل ٹیمیں سعودی عرب جائیں گی۔‘
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بدھ کو فون پر تفصیلی گفتگو کے بعد اسٹیو وٹکوف نے ان مذاکرات پر اعتماد کا اظہار کیا۔
’انہوں نے (صدر ٹرمپ اور زیلنسکی) جنگ بندی کے کچھ شرائط کے حوالے سے اتفاق کیا اور مکمل جنگ بندی کے حوالے سے آنے والے دنوں میں مذاکرات ہوں گے۔ میرا خیال ہے کہ چند ہفتوں کے اندر ہم جنگ بندی معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔‘
اسٹیو وٹکوف نے سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات کی تفصیل نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل ٹیمیں اس کی تفصیلات پر بات کریں گی اور ہر کوئی اس پراسیس کے لیے پرعزم ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا سعودی عرب میں صدر ٹرمپ اور صدر ولادیمیر پوتن کی ملاقات ہوسکتی ہے تو ان کا کہنا تھا میرا خیال ہے کہ یہ ہوسکتی ہے۔ تاہم انہوں نے اس کی ٹائمنگ کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔