روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے اگلی مدت کے لیے بھی صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا، آئندہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں یہ ان کا لگاتار تیسرا اور مجموعی طور چھٹا دورِ صدارت ہوگا۔
پوٹن سب سے پہلے 2000 سے 2008 تک روس کے صدر رہے لیکن آئین کی رو سے کوئی شخص مسلسل دوسری بار صدر نہیں بن سکتا البتہ اگر ایک مدت سے دوسری مدت گیپ آجائے تو بنایا جاسکتا ہے۔
اس شق کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ولادیمیر پوٹن 2008 میں صدارتی مدت پوری ہونے کے بعد اگلے چار سال کے لیے ملک کے وزیراعظم بن گئے تھے۔
پوٹن 2012 تک ملک کے وزیراعظم رہے اور پھر مدت پوری ہونے پر دوبارہ صدر بن گئے، 2012 میں صدر بنتے ہی پوٹن نے آئین تبدیل کرکے صدر کے عہدے کی مدت کو 12 سال کردیا جو چھ چھ سال کے دو حصوں پر مشتمل ہوگئی۔ یہ مدت صدارت بھی اب 2024 میں ختم ہورہی ہے۔
اگر صدر پوٹن دوبارہ صدر بن جاتے ہیں تو وہ کم سے کم 2030 اور زیادہ سے زیادہ 2036 تک صدر رہ سکتے ہیں، پوٹن 1999 سے روس کے مسلسل وزیراعظم اور صدر رہے ہیں۔
