جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس نے اپنا اب تک کا سب سے پتلا فلیگ شپ ماڈل ایس 25 ایج متعارف کروا دیا ہے۔
سام سنگ ایس 25 ایج میں جدید مصنوعی ذہانت (AI) کی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
سام سنگ نے کہا کہ ’صارفین کی رائے واضح تھی، وہ ایسا فون چاہتے تھے جو پتلا ہو اور جسے جیب میں رکھنے میں آسانی ہو، لیکن کارکردگی پر بھی سمجھوتہ نہ ہو۔۔
اسی مقصد کے لیے کمپنی نے ڈیوائس کے اندرونی ڈھانچے میں تبدیلیاں کیں جن میں پرنٹڈ سرکٹ بورڈ اور تھرمل سسٹمز کی موٹائی کو کم کرنا شامل ہے۔
سام سنگ کے مطابق ایس 25 ایج 23 مئی کو جنوبی کوریا میں اور 30 مئی کو امریکہ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ اسے تقریباً 30 دیگر ممالک، جن میں چین اور یورپی ممالک شامل ہیں، میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
یہ ماڈل 1,099 ڈالر کی ابتدائی قیمت کے ساتھ دستیاب ہوگا جس میں 6.7 انچ (170 ملی میٹر) کی سکرین اور 5.8 ملی میٹر پتلا باڈی ڈیزائن شامل ہے۔ یہ سائز میں بنیادی S25 ماڈل سے بڑا ہے لیکن وزن میں محض معمولی فرق ہے۔
ایس 25 ایج میں سام سنگ کے جدید ترین AI فیچرز ہیں، جن میں ملٹی موڈل مصنوعی ذہانت بھی شامل ہے۔ اس کی بدولت صارفین کیمرے اور آواز کے ذریعے ریئل ٹائم میں فون سے بات چیت کر سکتے ہیں، مثلاً کیمرے کی مدد سے سوالات پوچھنا وغیرہ۔