سری لنکا کی پولیس نے مشہور سیاحتی مقامات پر اسرائیلی مسافروں کو دھمکی دینے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پبلک سکیورٹی اور خارجہ امور کے وزیر وجیتھا ہیراتھ نے کہا کہ تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اب ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
تاہم انہوں نے مزید معلومات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تحقیقات متاثر ہوں گی۔
حکام نے کہا کہ انہوں نے سری لنکا کے مشہور سیاحتی مقامات جیسے ارگم بے، ویلیگاما، اور ایلا میں سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب انہیں کسی دوسرے ملک سے اسرائیلی مسافروں کے لیے ممکنہ خطرے کے بارے میں معلومات ملی۔
ہیراتھ نے کہا کہ موصول ہونے والی معلومات میں خطرے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات شامل نہیں، لیکن متنبہ کیا کہ ان مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جائے گی جہاں اسرائیلی شہری مذہبی اجتماعات کرتے ہیں۔
اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل نے بھی اسرائیلیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس خطرے کے پیش نظر جنوبی سری لنکا کے کچھ سیاحتی علاقوں کو فوری طور پر چھوڑ دیں۔
حکام کے مطابق سری لنکا میں اس وقت 575 اسرائیلی شہری موجود ہیں۔
سری لنکا میں امریکی سفارت خانے نے امریکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ تاحکم ثانی اروگم بے کے علاقے میں نہ جائیں کیونکہ اس علاقے میں مشہور سیاحتی مقامات کو نشانہ بنانے کے بارے میں مصدقہ اطلاعات ہیں۔