وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد کے دورے کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی، ہمیں اسی طرح محنت اور لگن سے اس سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں کہ میرے حالیہ دورے کے بعد ان کی خصوصی دلچسپی کے تحت سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے وفاقی کابینہ اور متعلقہ حکام کی سعودی وفد کے کامیاب دورے کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وفد پاکستانی وزرا اور حکام کی تیاری سے متاثر ہوا اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اس کا برملا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے عوام سے کئے گئے عہد کے مطابق پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات محنت کریں گے اور مجھے پورا یقین ہے کہ اگر ہم اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کے اہدف جلد حاصل کر لیں گے۔