اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی۔
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی قرارداد پر رائے شماری کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔
فوری جنگ بندی کی قراردادسلامتی کونسل کے 10 رکن ممالک نے پیش کی۔
قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں الجزائر، جاپان، ایکواڈور ، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، مالٹا اور دیگر ممالک شامل تھے۔
سلامتی کونسل کے15میں سے 14 ارکان نےقراردادکی حمایت کی جب کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی اور غزہ میں بلا رکاوٹ امداد کی رسائی بھی شامل ہے۔
ووٹنگ سے چند منٹ پہلے امریکہ نے قرارداد میں مستقل جنگ بندی کے الفاظ کو طویل جنگ بندی میں تبدیل کرا دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے 4 قراردادیں پیش کی گئیں تھیں تاہم ان میں سے کوئی بھی قرارداد منظور نہیں ہوسکی۔