آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں چاقو بردار شخص کے حملے میں چھ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے
آسٹریلوی پولیس نے ہفتے کو بتایا کہ سڈنی شہر کے ایک مصروف شاپنگ مال میں چاقو بردار شخص نے لوگوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک چھوٹے بچے سمیت چھ افراد جان سے چلے گئے۔
نیو ساؤتھ ویلز کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر انتھونی کوک نے صحافیوں کو بتایا کہ چالیس سالہ چاقو بردار مشتبہ شخص نے ویسٹ فیلڈ شاپنگ سینٹر میں لوگوں پر حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے حملے میں ہلاک ہونے والے چھ افراد میں ایک بچہ اور پانچ خواتین شامل ہیں۔ واقعے میں زخمی آٹھ افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر انتھونی کوک نے بتایا کہ مشتبہ ملزم پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر اینتھنی کوک کا کہنا تھا کہ فوری طور پر حملہ آور کا مقصد واضح نہیں ہوسکا لیکن کوک کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر ’دہشت گردی‘ سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔