بشارالاسد کا تختہ الٹنے والے باغیوں کے رہنما ابو محمد الجولانی نے شام کے سبکدوش ہونے والے وزیراعظم محمد الجلالی سے ملاقات کی ہے
بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں اقتدار کی منتقلی پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
باغیوں کی جانب سے ٹیلی گراف چینلز پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ابو محمد الجولانی نے سابق وزیراعظم جلالی سے اقتدار کی مربوط منتقلی پر بات چیت کے لیے ملاقات کی تاکہ شام کے لوگوں کو سروسز کی فراہمی کی ضمانت دی جا سکے۔
ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سبکدوش وزیر اعظم جلالی دمشق میں باغی لیڈروں سے ملاقات کے بعد اقتدار باغیوں کو سونپنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ تاہم کسی فریق نے اسکی تصدیق نہیں کی ہے۔
اس ملاقات کی جاری ہونے والی ایک مختصر ویڈیو میں محمد بشیر کو بھی دیکھا گیا ہے جو شام کے شمال مغرب میں باغیوں کے گڑھ میں قائم ’سالویشن گورنمٹ ‘کے سربراہ ہیں۔
سالویشن گورنمنٹ کے سربراہ محمد بشیر کا نام شام کی نئی عبوری انتظامیہ میں وزارت عظمیٰ کے ایک ممکنہ امیدوار کے طور پر گردش کر رہا ہے۔
باغی گروپوں نے صرف 10 روز میں حلب، حما اور حمص سمیت شام کے بڑے شہروں پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اتوار کو دمشق پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔
باغیوں کے دمشق کے قریب پہنچنے پر صدر بشارالاسد اپنے خاندان کے ساتھ ماسکو فرار ہو گئے تھے۔
ویڈیو میں باغی کمانڈر جولانی کو سبکدوش ہونے والے وزیراعظم الجلیلی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگرچہ ادلب ایک چھوٹا علاقہ ہے جہاں وسائل کی بھی کمی ہے، لیکن وہاں کے حکام کے پاس بہت اعلیٰ پیمانے کا تجربہ ہے کیونکہ انہوں نے اپنا آغاز صفر سے کیا تھا۔
جلالی نے اتوار کو کہا تھا کہ وہ عوام کی طرف سے منتخب کی گئی کسی بھی قیادت کے ساتھ اور کسی بھی حوالے سے عمل پر تعاون کے لیے تیار ہیں۔
سالویشن گورنمنٹ کا قیام 2017 میں عمل میں آیا تھا جس میں وزارتیں اور محکمے موجود ہیں اور وہاں عدالتی اور سیکیورٹی نظام کام کر رہا ہے۔