امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ شام میں داعش کے خلاف فضائی حملوں کے دوران ایک درجن جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔
یو ایس سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پر کہا داعش کے لیڈروں، کارندوں اور کیمپوں کے خلاف حملے ISIS کو تباہ کرنے، صلاحیت کم کرنے اور شکست دینے کے جاری مشن کے سلسلے میں کیے گئے۔
سینٹ کمانڈ نے کہا کہ ان حملوں کا مقصد دہشت گرد گروپ کو بیرونی کارروائیوں سے روکنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آئی ایس آئی ایس وسطی شام میں دوبارہ تشکیل پانے کے مواقع تلاش نہ کرے۔”
اس نے مزید کہا حالیہ حملے سابق حکومت اور روس کے کنٹرول والے علاقوں میں کئے گئے ہیں جو داعش پر دباؤ بر قرار رکھنے کو یقینی بناتے ہیں ۔”
واشنگٹن جہادی گروپ کو بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا فائدہ اٹھانے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا تختہ ایک اسلام پسند باغی اتحاد نے 8 دسمبر کو دار الحکومت پر قبضہ کرنے کے بعد الٹ دیا تھا۔
اس دن، امریکی فورسز نے جنگی طیاروں کے استعمال سے شام میں داعش گروپ سے وابستہ 75 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ۔ ان طیاروں میں بی۔ 52، ایف۔15 اور اے ۔10 شامل تھے ۔
امریکی فورسز کے داعش گروپ کے خلاف ایک بین الاقوامی اتحاد کے حصے کے طور پر شام میں لگ بھگ 900 اور عراق میں تقریباً ڈھائی ہزا ر فوجی موجود ہیں ۔ یہ اتحاد 2014 میں جہادیوں سے نمٹنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔