امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن جمعرات کے روز اردن پہنچے ہیں۔ تاکہ مشرق وسطیٰ کے جاری بحران کے بارے میں اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کر سکیں۔
شام کے صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد انٹونی بلنکن کی مشرق وسطیٰ میں پہلی آمد ہے۔
ان کے اردن کے اس دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم کے علاوہ اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفادی کے ساتھ بھی ملاقات طے ہے۔ یہ ملاقاتیں ساحلی شہر عقبہ میں ہو رہی ہیں۔ تاکہ شام میں اگلی حکومت کی تشکیل کے معاملے میں باہم مشاورت کی جا سکے۔
کسی امریکی اعلیٰ عہدیدار کا بشار حکومت کے خاتمے کے بعد شامی صورتحال پر خطے کا یہ پہلا دورہ ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس ، امریکی دفتر خارجہ اور امریکی وزارت دفاع پوری طرح شام کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور خطے میں اپنے اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔