غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے شمالی غزہ کے محصور علاقے بیت لاہیہ میں رہائشی عمارتوں پر بم برسادیئے
حملے میں غزہ کی پٹی کے 8 تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے سب سے بڑے جبالیہ میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
حملوں میں 3 صحافیوں سمیت 53 فلسطینی ہلاک ہوگئے ہیں
شمالی غزہ میں ہی شاتی مہاجر کیمپ میں اسکول کی عمارت پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 3 صحافیوں سمیت 8 فلسطینی مارے گئے۔
قابض اسرائیلی فوج شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کو کھنڈر میں بدلنے کے بعد چلی گئی، اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرس کہتے ہیں کہ شمالی غزہ کی خوفناک صورتحال نے انہیں حیران کردیا ہے۔
7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں لقمہ اجل بننے والے فلسطینی صحافیوں کی تعداد 180 تک جاپہنچی ہے۔
قابض اسرائیلی فوج شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کو کھنڈر میں بدلنے کے بعد چلی گئی،
فلسطین میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 16 ہزار 765 خواتین اور بچوں سمیت 43 ہزار 9سے زائد فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ 833 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتہ ہیں۔
ادھر لبنان پر بھی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق جنوبی لبنان کے ساحلی شہر سیدون پر اسرائیلی فضائیہ کے حملوں میں کم ازکم 8 لبنانی ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 30 ستمبر کو زمینی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 36 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فوجی جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے۔