اسرائیل نے حماس کے خاتمے کے لئے زمینی کارروائی پورے غزہ تک بڑھادی۔
اسرائیلی آرمی چیف نے جنوبی غزہ میں شدت سے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے فضائیہ کی مدد لینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 700 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے سے اردن کا شہری جاں بحق ہوگیا جس کی تصدیق اردن کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 7 اکتوبر سے اب تک مرنے والے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں لڑائی کے دوران اپنے تین فوجیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔
فلسطینی مہاجرین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے نے بتایا ہے کہ غزہ کی 80 فیصد سے زائد آبادی اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو چکی ہے۔
عالمی ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کے 19 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔