پاکستان کی افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خود کش حملہ ہوا ہے جس میں چار پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
میر علی کے ڈی ایس پی قدرت اللہ نے بتایا کہ میر علی میں عیدک میں اسلم نامی خاصہ دار چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں چار پولیس اہلکاروں کی اور ایک فوجی اہلکار کی موت واقع ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ حملے میں دو پولیس اہلکار اور تین آرمی کے اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں میران شاہ اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ رکشے کے ذریعے کیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق دھماکے میں دو عام شہری بھی جان سے گئے۔
اس حملے کی ذمہ داری خود کو ’اسود الحرب‘ کہنے والے ایک غیر معروف عسکریت پسند گروپ نے قبول کرلی ہے۔
افغان سرحد کے قریب ایک اور چیک پوسٹ پر رواں ہفتے پاکستانی طالبان نے حملہ کیا تھا جس میں 10 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے مطابق گذشتہ سال ملک میں 2014 کے بعد کسی بھی سال کے مقابلے میں زیادہ خودکش حملے ہوئے۔ سال میں 29 خودکش حملے رجسٹرڈ ہوئے جن میں 329 افراد ہلاک ہوئے۔