پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم سرحدی گزرگاہ 10 روز بعد تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔
منگل کی صبح افغانستان سے پہلی تجارتی گاڑی پاکستان کی حدود میں داخل ہوگئی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان ڈرائیوروں کی سفری دستاویزات کے معاملے پر تنازع کی وجہ سے طورخم سرحد گزشتہ 10 روز سے بند تھی جس کی وجہ سے تاجروں کو شدید نقصان پہنچ رہا تھا۔
حکومتِ پاکستان نے افغانستان سے آنے والی کارگو گاڑیوں کے لیے سفری دستاویزات کا فیصلہ کیا تھا جب کہ افغان تاجر اس فیصلے سے ناخوش تھے۔
ذرائع کے مطابق افغان قونصل جنرل اور پاکستان حکام کے درمیان طے پایا ہے کہ افغان ڈرائیوروں کو سفری دستاویزات بنانے کے لیے 31 مارچ تک کی مہلت دی جائے گی۔
حکام کا یہ بھی بتانا ہے کہ یکم اپریل کے بعد بغیر دستاویزات کارگو گاڑیوں کا افغانستان سے پاکستان میں داخلہ ممنوع ہو گا۔