اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جاری 7 روزہ جنگ بندی بغیر کسی توسیع کے ختم ہوگئی ، اسرائیلی فوج نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر ایک بار پھر غزہ پر فوجی آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملہ کیا ہے ، اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور اسرائیلی علاقے کی جانب فائر کیا۔
Hamas violated the operational pause, and in addition, fired toward Israeli territory.
The IDF has resumed combat against the Hamas terrorist organization in Gaza. pic.twitter.com/gVRpctD79R
— Israel Defense Forces (@IDF) December 1, 2023
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیاروں نے نچلی پروازیں بھی کی ہیں اور شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
تاہم اسرائیل کے اس الزام پر تاحال حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا آغاز 24 نومبر سے ہوا تھا جس میں تین مرتبہ توسیع ہوئی اور آج جمعہ کی صبح جنگ بندی کا وقت ختم ہوگیا جس میں کوئی توسیع نہیں کی گئی۔
جنگ بندی کے آخری روز حماس نے مزید 8 اسرائیلیوں کو رہا کیا جس کے بدلے میں اسرائیلی جیل سے مزید30 فلسطینی قیدی رہا کیے گئے تھے ۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد زخمی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کاکہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری اسے کھنڈر بنی عمارتوں کے ملبے تلے 65 سو فلسطینی بچے دبے ہوئے ہیں ۔