عراق میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف مقامی فورسز کے ساتھ ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران سات امریکی فوجی زخمی ہو گئے۔ اس کارروائی میں 15 افراد مارے گئے۔
آج ہفتے کے روز جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ داعش کے اس گروہ کے پاس کئی ہتھیار، بم اور دھماکا خیز بیلٹیں موجود تھیں … کارروائی کے دوران کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
بیان کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اس کارروائی میں پانچ امریکی فوجی زخمی ہوئے جبکہ دو کو گرنے سے چوٹیں آئیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا اس آپریشن میں داعش کے رہنماؤں کو نشان بنایا گیا تاکہ ان کی منظم ہونے، منصوبہ بندی کرنے اور عراقی شہریوں، امریکی شہریوں، اتحادیوں، اور خطے بھر میں اور اس سے باہر شراکت داروں کے خلاف حملے کرنے کی صلاحیتوں کو کمزور کیا جا سکے۔
اس سے قبل عراقی فوج نے جمعے کے روز بتایا تھا کہ درست انٹیلی جنس معلومات سے تصدیق ہوئی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں داعش کی صف اول کی قیادت کے افراد بھی شامل ہیں۔ تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام چھپنے کی جگہیں، ہتھیار اور لاجسٹک سپورٹ تباہ کر دی گئیں، خودکش بیلٹس کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا اور اہم دستاویزات، شناختی کاغذات اور مواصلاتی آلات ضبط کر لیے گئے۔