بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندوں کے خلاف ایک آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے ایک افسر سمیت چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام نے منگل کو بتایا کہ فوج اور کشمیر پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے چار اہلکار دم توڑ گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی اہلکار پیر کی شب جموں کشمیر کے مشرقی ضلع ڈوڈا میں کارروائی کر رہے تھے کہ اس دوران عسکریت پسندوں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔
عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے بھارتی فوج کے کیپٹن سمیت چار اہلکار شدید زخمی ہو گئے تھے جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ تاہم حکام نے ہلاک فوجیوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔
مقامی افراد نے علاقے میں چند مشکوک افراد کی موجودگی سے متعلق سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کیا جس کے بعد پولیس اور فوج نے ضلع ڈوڈا میں مشترکہ آپریشن کیا۔
ایک ہفتے کے دوران عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے بھارتی فوج کو پہنچنے والے نقصان کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔
گزشتہ ہفتے جموں کے علاقے کٹھوا میں سرچ آپریشن کے دوران پانچ بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ اور راجوری میں حالیہ عرصے کے دوران بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات اب جموں میں بھی پھیل گئے ہیں۔
پونچھ اور راجوری کے بعد عسکریت پسندی کے واقعات اب جموں میں بھی بڑی حد تک دیکھے جا رہے ہیں جو پہلے قدرے حد تک پرامن تھا۔ لگ بھگ ڈیڑھ سال کے دوران جموں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 48 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔؎