پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ عمران خان اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے
بلاول کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی۔
مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل کچھ لوگ لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے رو رہے ہیں لیکن پیپلزپارٹی کوکسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم تمام مسائل کا مل کرمقابلہ کریں گے، کہتے تھے موسم خراب ہے اور دہشت گردی ہے، انتخابات ملتوی کیے جائیں، تمام پرانے سیاستدانوں کو کہنا چاہتا ہوں آپ ملکی معیشت کے ساتھ نہ کھیلیں۔
“عمران خان نے تبدیلی کا وعدہ کیا مگر جب وزیر اعظم بنے تو صرف یوٹرن کی سیاست کی، میاں صاحب نے وعدہ کیا کہ میثاق جمہوریت کے مطابق سیاست کریں گے اور ووٹ کو عزت دلوائیں گے، لیکن میں آج عوام سے پوچھتا ہوں کہ کیا ن لیگ والے ووٹ کو عزت دے رہے ہیں۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول… pic.twitter.com/d7rtGkIJb0
— PPP (@MediaCellPPP) January 31, 2024
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نوجوانوں کوامید دلائی کہ وہ تبدیلی لائیں گے مگر جب حکومت بنائی تو یوٹرن لیے، آج کے فیصلے پر میں جشن نہیں مناؤں گا بلکہ بانی پی ٹی آئی کوتوبہ کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹوکی بیٹی کے خلاف جعلی کیسزبنائے گئے، بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے، نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں وہ کرنا کیا چاہتے ہیں؟ عوام فیصلہ کریں ان کا وزیراعظم کون ہوگا، پی پی ہی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے اور اس کا شکار کرسکتی ہے لہٰذا عوام 8 فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں، آپ کو ہماری شکل پسند ہو یا نہ ہو، میدان میں ہم اور وہ کھڑے ہیں۔