پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے معاملے پر آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھا جائے گا،جس میں کہا جائےگا کہ جتنے حلقوں میں دھاندلی ہوئی وہاں آڈٹ کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس آڈٹ میں جوڈیشری کا عمل دخل بھی ہو، اگرآڈٹ نہیں ہوتا تو آئی ایم ایف سے قرض کا اقدام ملک کیلئے نقصاندہ ہوگا۔
بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا چارٹر کہتا ہے ملک میں اسی وقت وہ کام کی اجازت،لون دیں گے جب گڈ گورننس ہو، گڈ گورننس کی اہم شق یہ ہے کہ ملک میں جمہوریت ہو، جس ملک میں جمہوریت نہیں وہاں بین الاقوامی ادارےکام کرنا نہ پسند کرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر علی ظفر چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکرٹری کیلئے امیدوار ہوں گے۔