بحرین میں منعقدہ 33 ویں عرب سربراہ کانفرنس کے اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے۔ اسرائیلی قابض فوج غزہ اور رفح کا محاصرہ ختم کرے تاکہ دو ریاستی حل کی جانب پیش قدمی کی جا سکے۔
بحرین میں جمعرات کو منعقد ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس کے اختتام پرمشترکہ طورپرجاری اعلامیہ میں مسئلہ فلسطین کے فوری حل پرزوردیا گیا علاوہ ازیں شام اور سوڈان کے معاملات کے حوالے سے بھی اہم امور پرتوجہ مبذول کرائی گئی۔
اعلامیہ میں رفح کراسنگ کی فلسطینی سائیڈ پراسرائیلی افواج کے قبضے کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو سختی سے مسترد کیا گیا۔
بحرین کانفرنس کے شرکاء نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ رفح بارڈر کو خالی کرے تاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پرغزہ پٹی کے متاثرین کو امداد فراہم کی جاسکے۔ اس بات پربھی زوردیاگیا کہ سلامتی کونسل دوریاستی حل کے لیے ضروری اقدامات کرے ۔
سربراہ کانفرنس میں سوڈانی فوج اور ریپڈ فورسز کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اورامن قائم کرنے کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ جدہ میں ہونے والے مذاکرات کی پابندی کریں۔ شام کے تنازعہ کے حل کی اہمیت پرزوردیاگیا۔
بحرین سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں یمن صدارتی کونسل کی حمایت پر زور دیا گیا علاوہ ازیں بحرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کی بھی بھرپور مذمت کی گئی ۔
