غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ تھم سکا، جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی فورسز کی بمباری سے مزید 90 فلسطینی ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
غزہ میں شہاب خاندان کے گھر پر اسرائیلی فروسز کی جانب سے میزائل حملے کے نتیجے میں 24 افراد مارے گئے جن میں ترجمان اسلامک جہاد داؤد شہاب کا بیٹا بھی شامل تھا، حملے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کے مطابق اسرائیلی ٹینک سے داغا گیا گولا خان یونس کے ناصر ہسپتال کے اندر گرا، جس سے دینا ابو محسن نامی 13 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں 18 ہزار 700 سے زائد فلسطینی ہلاک اور 50 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں اب تک لاپتا ہیں۔