فرانس اور اسرائیل کے درمیان فٹ بال میچ کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے چار ہزار پولیس اہلکار اور 1600 اسٹیڈیم کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔
صدارتی محل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس اور اسرائیل جمعرات کو یو ای ایف اے نیشنز لیگ کا ایک میچ میں کھیل رہے ہیں جس میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں شرکت کریں گے۔
پیرس پولیس کے سربراہ لارینٹ ننیز نے کہا کہ فرانس کے دارالحکومت کے شمال میں اسٹاڈ ڈی فرانس سٹیڈیم کے ارد گرد 2500 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے
اس کے علاوہ 1500 دیگر اہلکار پیرس میں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی منتظمین میچ کی تیاری کے لیے اسرائیلی حکام اور سکیورٹی فورسز سے رابطے میں ہیں۔
حکام کے مطابق جمعرات کی شب ایمسٹرڈیم کے اسٹیڈیم کے باہر یوروپا لیگ فٹ بال میچ سے پہلے اور بعد میں میکبی تل ابیب کلب کے حامیوں کی بظاہر فلسطین حامی مظاہرین سے جھڑپ ہوئی تھی۔
جھڑپ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ 62 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
فرانس کے وزیر داخلہ برونو ریٹیلیو نے جمعے کو تصدیق کی تھی کہ فرانس اور اسرائیل کا میچ شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا۔