فرانسیسی حکام کی جانب سے پیرس کے قریب چار روز قبل روکے گئے انڈین مسافروں سے بھرے جہاز کو آج اڑان بھرنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔
رومانیہ کی فضائی کمپنی لیجنڈز ایئرلائنز کی وکیل للیانیہ بکایوکو نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ جہاز پیر کو اکثر مسافروں کو لے کر اںڈیا کے شہر ممبئی کے لیے اڑان بھرے گا۔ مقامی حکام کرسمس کی مصروفیات کے باوجود کچھ مسافروں کو واٹری ایئرپورٹ سے جانے کی اجازت دینے کے لیے ضروری کارروائی کر رہے ہیں۔
مسافر طیارے ایئربس اے 340 نے یو اے ای سے نکاراگوا جاتے ہوئے فرانس کے واٹری ایئر پورٹ پر لینڈ کیا تھا جہاں فرانسیسی حکام نے اسے روک لیا تھا۔
اس جہاز کے تمام مسافر جمعرات سے واٹری ایئرپورٹ پر ہی پھنسے ہوئے ہیں اور فرانسیسی حکام نے ان میں دو مسافروں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں حراست میں لیا ہے۔