ٖجمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے وزیراعظم ملامحمد حسن اخوند سے ملاقات کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ افغان حکومت کی دعوت پر دورہ افغانستان پر ہیں جہاں انہوں نے افغان کی اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
سربراہ جے یو آئی نے آج افغانستان کے وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات کی جس میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ سمیت افغان کابینہ کے اہم ارکان بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ بیرونی قبضے کے خلاف امارت اسلامیہ کو عظیم فتح حاصل ہوئی ہے، دورہ افغانستان کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات میں پائی جانےوالی غلط فہمیوں کو دورکرناہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات، معیشت، تجارت اورباہمی ترقی میں تعاون کی راہیں تلاش کرنا ہے۔
افغان وزیراعظم کا کہنا تھاکہ امید ہے دورہ دونوں ممالک اور عوام کے درمیان بھائی چارے اور مثبت تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنے گا، افغانستان میں اسلامی نظام کی حکمرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان سمیت کسی بھی پڑوسی ملک کو نقصان پہنچانے یا مسائل پیدا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی، مسائل کے حل اور غلط فہمیوں کے خاتمے کے لیے علمائے کرام کا کردار اہم ہے۔