امریکی ریاست پنسلوینیا میں ایک طیارہ پرواز گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس کے نتیجے میں کئی گھر آگ کی زد میں آ گئے ہیں۔
امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ حادثہ جمعے کو پنسلوینیا کے سب سے بڑے شہر فلاڈیلفیا میں پیش آیا۔
امریکی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق طبی امداد پہنچانے والے اس طیارے میں چھ میکسیکن شہری سوار تھے۔
اسپرنگ فیلڈ سے میسوری جانے والی ایئرایمبولینس میں عملے کے چار ارکان، ایک مریضہ بچی اور اس کی والدہ سوار تھے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ طیارے میں سوار کسی بھی شخص کے زندہ بچ جانے کے شواہد نہیں مل سکے ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والا چھوٹا طیارہ لیئرجیٹ 55 ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد ریڈار سے غائب ہو گیا تھا۔
اس کے بعد شمال مشرق میں واقع بزنس جیٹ اور چارٹر فلائٹس کو سروسز فراہم کرنے والے فلاڈلفیا ایئرپورٹ سے محض 4 اعشاریہ آٹھ کلومیٹر دور یہ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
طیارہ مصروف ترین روزویلٹ مال کے قریب گرا اور وہاں کچھ گھروں کو آگ کے شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
اس طیارے نے شام چھ بج کر چھ منٹ پر اڑان بھری تھی لیکن صرف 30 سیکنڈ بعد جونہی یہ 1600 فٹ بلندی پر پہنچا تو یہ ریڈار سے غائب ہو گیا۔
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ابھی دو دن قبل ہی امریکہ میں ایک مسافر جہاز بڑے حادثے سے دوچار ہوا ہے۔
بدھ کو امریکن ائیرلائنز کا مسافر جہاز واشنگٹن ڈی سی کے قریب ایک فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا۔
اس جہاز میں 60 مسافر اور چار عملے کے ارکان تھے۔ اس واقعے میں کوئی ایک بھی شخص زندہ نہیں بچ سکا تھا۔