لاہور کی ایک عدالت نے مسلمان خاتون کو قرآن کے اوراق جلانے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
لاہور کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج محمد عمران شیخ نے 40 سالہ آسیہ بی بی کے خلاف توہینِ قرآن کے مقدمے میں فیصلہ سنایا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ آسیہ بی بی خود کو بے قصور ثابت کرنے میں ناکام رہیں۔
عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق ان پر قرآن کی بے حرمتی کا جرم ثابت ہوتا ہے جس پر عدالت انہیں عمر قید کی سزا سناتی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق آسیہ بی بی کے خلاف یہ مقدمہ 30 ستمبر 2021 کو لاہور کے تھانہ ہیر میں تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کیا گیا تھا جس میں ان پر 295 بی کی دفعات لگائی گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو ہیلپ لائن پر اطلاع دی گئی تھی کہ لاہور کے علاقے بھٹہ چوک میں ایک خاتون مبینہ طور پر قرآن جلانے کی کوشش کر رہی ہے جس پر پولیس نے موقع پر پہنچنے کے بعد خاتون کو حراست میں لے لیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے سامنے قرآن، جلے ہوئے صفحات، ماچس کی جلی ہوئی تیلیاں اور ماچس کی ڈبیہ بھی بطور ثبوت پیش کی گئی۔ مدعی نے پولیس کی جانب سے کیس کی فرانزک رپورٹ بھی پیش کی ہے جو کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی تیار کردہ ہے۔