لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سامنے آیا ہے۔
لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے زیر استعمال ہزاروں پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، 200 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
رابطوں کے لیےاستعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سےحزب اللہ کےکئی اراکین بھی زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں سے اکثر کو ہاتھوں، پیروں، چہروں اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں۔
پیجرز میں دھماکوں کا سلسلہ دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
لبنان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان بھر میں متعدد وائرلیس کمیونیکیشن ڈیواسز میں دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔
جن پیجرز میں دھماکے ہوئے ہیں وہ جدید ماڈل کے تھے جنہیں حالیہ مہینوں میں ہی خریدا گیا تھا۔