ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے بانی مارک زکربرگ کو سوشل میڈیا پر بچوں کے جنسی استحصال پر کانگریس کے سامنے معافی مانگنا پڑگئی۔
سینیٹ کمیٹی کی سماعت کے دوران سوشل میڈیا پر جنسی استحصال کاشکاربچوں کی ویڈیو چلائی گئی، اس موقع پر مارک زکر برگ نے کہا کہ آپ کے خاندانوں نے جو سہا ہے اس سےکسی کوبھی گزرنےکی ضرورت نہیں، ہر اس چیزپر افسوس ہے جس سے آپ گزرے ہیں۔
اس سماعت میں ٹک ٹاک کےسی ای او شوچیو نے بھی رضاکارانہ طور پر شرکت کی، اس کے علاوہ 5 بڑی ٹیک کمپنیوں کے سی ای او سینیٹ کمیٹی میں پیش ہوئے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر ڈک ڈربن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اعتماد اور حفاظت میں مناسب سرمایہ کاری کرنے میں ناکام رہے، ان لوگوں کے ڈیزائن کے انتخاب اور منافع کےحصول نے ہمارے بچوں کو خطرےمیں ڈال دیا ہے۔
سینیٹر لنزےگراہم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کمپنیاں جس طرح ڈیزائن اورآپریٹ کررہی ہیں یہ خطرناک ہے، سوشل میڈیاکمپنیاں زندگیاں تباہ کررہی ہیں، یہ جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں، ان کمپنیوں کولگام ڈالنی چاہیے ورنہ بدترین صورتحال ابھی باقی ہے۔
گراہم نے کہا کہ مسٹر زکربرگ،میں جانتاہوں آپ کایہ مطلب نہیں لیکن آپ کےہاتھوں پر خون ہے، آپ کے پاس ایک ایسی پراڈکٹ ہےجو لوگوں کو مار رہی ہے۔