مالدیپ کی خاتون سیاست دان اور سابق وزیر مریم شیونا کی جانب سے اپنی ایک ٹوئٹ میں غلطی سے بھارتی جھنڈے کی تصویر شیئر کرنے پر بھارتی ان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
مریم شیونا نے اپنی ایک مختصر ٹوئٹ میں مالدیپ کی اپوزیشن جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے وقت شیئر کی گئی تصویر میں بھارتی جھنڈے میں شامل اشوک چکر کی تصویر شیئر کی۔
اشوک چکر بھارتی جھنڈے میں شامل گول نشان ہیں، جس میں 24 لکیریں شامل ہوتی ہیں اور اسے بھارت میں مقدس مانا جاتا ہے۔
مالدیپ کی خاتون وزیر نے اپنے ملک کی اپوزیشن جماعت کے خلاف کی گئی ٹوئٹ میں غلطی سے اشوک چکر کی تصویر لگائی، جس پر بھارتی برہم ہوئے اور انہوں نے مریم شیونا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مریم شیونا نے احتجاج کے بعد اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی اور بھارتیوں سے معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے غلطی سے اشوک چکر کی تصویر شیئر کی اور وہ اپنی غلطی پر شرمندہ ہیں۔
یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ مریم شیونا پہلے بھی بھارت اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف سخت زبان استعمال کرتی آئی ہیں اور انہیں بھارت پر تنقید کی وجہ سے ہی جنوری 2024 میں وزارت سے ہٹایا گیا تھا۔