امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جامعات میں اسرائیل مخالف مظاہروں اور احتجاج کا کوئی جواز نہیں۔ نیو یارک پولیس نے اچھا کیا کہ کولمبیا یونیورسٹی کے کیمپس پر چھاپے مارے اور گرفتاریاں کیں۔ مجھے تو یہ سب دیکھ کر بہت مزا آیا۔
اسکونسن میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی جامعات میں اسرائیل مخالف احتجاج اور پُرتشدد مظاہروں کے ذمہ دار صدر بائیڈن ہیں۔ اس حوالے سے پہلے سے تیاریاں کی جانی چاہیے تھیں تاکہ مظاہرین سے بروقت نمٹ لیا جاتا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیو یارک کے پولیس افسران نے کمال کر دکھایا کہ کولمییا اور سٹی کالج نیو یارک میں 300 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرکے کیمپس خالی کروایا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں سیاسی بنیادوں پر مظاہروں اور احتجاج کی کوئی گنجائش نہیں۔ بائیڈن انتظامیہ کو اس صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے جامع حکمتِ عملی کے تحت احتجاج روکنا چاہیے۔