معروف ٹیکنالوجی بلینئر ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد بھارت کا دورہ کریں گے۔ یہ اعلان انہوں نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ٹیلیفون پر گفتگو کے بعد ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کیا۔
ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں کہا “وزیرِ اعظم مودی سے بات کرنا اعزاز کی بات ہے۔ میں رواں سال کے آخر میں بھارت کے دورے کا منتظر ہوں!”
یہ پیغام وزیرِ اعظم نریندر مودی کی اس پوسٹ کے جواب میں دیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی ایلون مسک سے ٹیلیفون پر بات ہوئی۔ یہ گفتگو ان دونوں کے درمیان واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی سابقہ ملاقات کے تسلسل میں کی گئی۔
مودی نے کہا “میں نے ایلون مسک سے گفتگو کی اور ان موضوعات پر بات کی جو ہم نے واشنگٹن ڈی سی میں اپنی ملاقات کے دوران زیرِ بحث لائے تھے۔”
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اس گفتگو میں تکنیکی تعاون اور اختراع (Innovation) کے شعبے میں اشتراکِ عمل کے وسیع مواقع پر بات ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا “ہمارا مقصد امریکہ کے ساتھ ٹیکنالوجی اور جدت طرازی میں شراکت داری کو مزید فروغ دینا ہے۔”
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس 21 سے 24 اپریل کے درمیان بھارت کے دورے پر آ رہے ہیں۔